حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حجۃ الاسلام والمسلمین رفیعی نے حرم حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیہا میں ماہ مبارک رمضان کی مناسبت سے جاری اپنی گفتگو کے سلسلے کو آگے بڑھاتے ہوئے کہا: خداوند متعال نے سورۃ العنکبوت کی آیت نمبر ۸ میں والدین پر احسان اور نیک سلوک کرنے کی تاکید کی ہے۔
دینی علوم کے استاد نے کہا: سورہ العنکبوت کی آیت نمبر 10 ان منافقین کے متعلق ہے جو جھوٹ بولتے ہیں، بدقولی کرتے ہیں اور امانت میں خیانت کرتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا: جن کا ایمان ضعیف ہوتا ہے وہ مشکلات اور سختیوں میں اپنے ایمان سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں۔ وہ صرف خوشی کے مواقع میں ظاہری طور پر خدا پر ایمان رکھتے ہیں۔
حجۃ الاسلام والمسلمین رفیعی نے کہا: دنیا کا آرام و سکون وقتی اور قیامت کا آرام و سکون دائمی ہے اور دنیا کا عذاب وقتی لیکن قیامت کا عذاب دائمی ہے۔
انہوں نے کہا: جو افراد گناہ کو آسان اور ایمان کو سخت سمجھتے ہیں وہ سخت اشتباہ میں ہیں۔
حرم حضرت معصومہ سلام اللہ علیہا کے خطیب نے کہا: منافقین خوشی اور راحت کے وقت اپنے آپ کو مومن کہتے ہیں جبکہ مشکلات اور سختیوں میں خدا کو چھوڑ دیتے ہیں اور اپنے دین سے پھر جاتے ہیں حالانکہ خداوندعالم مومنین اور منافقین کے باطن سے آگاہ ہے۔
انہوں نے کہا: روایت میں ہے کہ حقیقی مومن وہ ہے جس کے اعمال اور کردار میں ریا نہ ہو اور وہ آخرت کو دنیا پر ترجیح دیتا ہو۔
دینی علوم کے اس نامور استاد نے کہا: امام سجاد علیہ السلام کے فرمان کے مطابق جو خلوت میں متقی ہو، تنگدستی میں صدقہ دے، مصیبت میں صبر کرے، غصہ کے وقت حلم و بردباری سے کام لے اور اس میں صداقت پائی جاتی ہو تو ایسا شخص ہی حقیقی مومن ہے۔